پٹنہ،23 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) این ڈی اے (قومی جمہوری اتحاد) نے لوک سبھا انتخابات کے لئے کھگڑیا کے سوا بہار کی 39 نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔مسلسل پانچ سال تک بی جے پی مرکزی قیادت کے خلاف باغی تیور دکھانے والے پٹنہ صاحب کے ایم پی شتروگھن سنہا کا ٹکٹ کٹ گیا ہے اور ان کی جگہ یہاں سے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کو پارٹی نے میدان میں اتارا ہے۔شاہنواز حسین کا نام بھی پارٹی کی جانب سے جاری فہرست میں نہیں ہے،پچھلی بار وہ بھاگلپور سے بی جے پی امیدوار تھے۔نوادہ سیٹ اتحاد کے ساتھی ایل جے پی کے کھاتے میں جانے کی وجہ سے مرکزی وزیر گری راج سنگھ کو بیگو سرائے سے میدان میں اتارا گیا ہے،تاہم انہوں نے اپنی سیٹ تبدیلی کو لے کر پہلے ہی ناراضگی جتا چکے تھے۔اس سے پہلے مہاگٹھ بندھن نے جمعہ کی شام کو بہار میں سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کر دیا تھا۔آرجے ڈی نے اپنے پاس 19 نشستیں رکھی ہے، جبکہ کانگریس کے کھاتے میں 9 نشستیں گئی ہیں۔اوپیندر کشواہا کی پارٹی آرایل ایس پی کو 5، جتن رام مانجھی کی پارٹی ہم اور مکیش ساہنی کی وی آئی پی کو تین تین سیٹیں ملی ہیں۔اس اتحاد میں سی پی آئی (مالے) بھی شامل ہے، جس کے لئے ایک نشست چھوڑی گئی ہے۔
پٹنہ میں این ڈی اے امیدواروں کا اعلان ہوا تو سب کی نظریں گری راج سنگھ اور بی جے پی کے باغی شتروگھن سنہا کی نشست پر لگی تھی۔گری راج سنگھ کو پارٹی نے نوادہ کی جگہ بیگو سرائے سے امیدوار بنایا ہے۔بتا دیں کہ گری راج سنگھ نوادہ سیٹ سے ہی لڑنے کے لئے اڑے ہوئے تھے،اگرچہ اب پارٹی نے ان کے نام کا اعلان بیگو سرائے سے کر دیا ہے۔ٹکٹ کٹنے والوں میں سب سے بڑا نام شتروگھن سنہا کا ہے۔پٹنہ صاحب سے اب تک ایم پی رہے سنہا کو پارٹی کی بغاوت کی سزا دیتے ہوئے ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے،ان کی جگہ پر مرکزی وزیر روی شنکر پرساد انتخابات میں اتریں گے۔دوسری طرف مرکزی وزیر رام کرپال یادو کو بی جے پی نے پاٹلی پتر سیٹ سے برقرار رکھا ہے،وہ 2014 میں آر جے ڈی چھوڑ بی جے پی میں آئے تھے۔اس کے علاوہ مشرقی چمپارن سے بی جے پی نے مرکزی وزیر رادھا موہن سنگھ کو امیدوار بنایا ہے، وہیں سارن سے راجیو پرتاپ روڈی میدان میں ہوں گے۔صوبہ بی جے پی صدر نتیاند رائے کو اجیار پور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔مرکزی وزیر اشونی چوبے کی بکسر سیٹ برقرار رکھی گئی ہے۔بتا دیں کہ این ڈی اے میں سیٹ تقسیم کے فارمولے کے تحت بی جے پی اور جے ڈی یو 17۔17 سیٹوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں، وہیں ایل جے پی کے کھاتے میں 6 سیٹیں ہیں۔